Loading Now

چب راجپوت کونسل پاکستان کے زیر اہتمام بابائے چب راجپوت کی رسم تاجپوشی

سن 2022ء میں موضع بڑھنگ میں چِب راجپوت کونسل پاکستان کے زیرِ اہتمام ایک شاندار، باوقار اور تاریخی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ممتاز قانون دان، محقق، مصنف ایڈووکیٹ راجہ محمد افتخار علی خان کو ان کی علمی و تحقیقی خدمات، بالخصوص چِب راجپوت قبیلے کی تاریخ پر لکھی گئی وقیع تصانیف کے اعتراف میں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ان کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے متفقہ طور پر انہیں بابائے چِب کے اعزازی خطاب سے نوازا گیا، جبکہ روایتی انداز میں ان کی تاج پوشی کی رسم بھی ادا کی گئی، جو چِب راجپوت قبیلے کی جانب سے غیر معمولی احترام اور اعتماد کی علامت تھی۔

راجہ محمد افتخار علی خان ایم۔اے (صحافت)، ایل ایل بی، ایڈووکیٹ، علم، قانون، قلم اور خدمتِ خلق کی ایک درخشاں مثال ہیں۔ وہ مرحوم راجہ اللہ داد خان کے صاحبزادے اور معزز چِب راجپوت خاندان کی کالن شاخ سے تعلق رکھتے ہیں، جو قیامِ پاکستان تک اپنے علاقے میں سماجی، سیاسی اور انتظامی اعتبار سے نمایاں مقام اور حیثیت رکھتی تھی۔ اس خاندانی پس منظر نے ان کی شخصیت میں قیادت، وقار اور خدمتِ خلق کے اوصاف کو مزید جِلا بخشی۔

ان کی تعلیمی زندگی کا آغاز 1953ء میں ڈسٹرکٹ بورڈ مڈل اسکول مراریان (ضلع گجرات) سے ورنیکیولر فائنل پاس کر کے ہوا۔ 1955ء میں گورنمنٹ ہائی اسکول بھمبر سے میٹرک اور 1957ء میں گورنمنٹ کالج میرپور (آزاد کشمیر) سے ایف۔اے کی سند حاصل کی۔ اعلیٰ تعلیم اور عملی زندگی میں ترقی کے جذبے کے تحت ایف۔اے مکمل کرنے کے بعد وہ پاکستان کے معاشی و تعلیمی مرکز، شہرِ قائد کراچی منتقل ہو گئے۔

کراچی میں قیام کے دوران 1959ء کے اوائل میں انہوں نے نارتھ ویسٹرن ریلوے (موجودہ پاکستان ریلوے) میں ملازمت اختیار کی۔ ملازمت کے ساتھ ساتھ انہوں نے علم کے سفر کو جاری رکھتے ہوئے اسلامیہ کالج کراچی سے بی۔اے کی ڈگری حاصل کی، بعد ازاں اسی ادارے سے ملحق ُ اسلامیہ لا کالج کراچی سے ایل ایل بی مکمل کی۔ مزید برآں انہوں نے جامعہ کراچی سے ایم۔اے (صحافت) کی ڈگری حاصل کی اور اس طرح وہ آزاد کشمیر سے ایم۔اے (صحافت) کی ڈگری حاصل کرنے والے پہلے فرد ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

تعلیم کی تکمیل کے بعد 1970ء میں انہوں نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے وکالت کا آغاز کیا، جو پاکستان کی وکلاء کی سب سے بڑی اور معتبر تنظیم سمجھی جاتی ہے۔ تقریباً پچیس برس تک وہ کراچی بار سے وابستہ رہے اور قانون کے میدان میں دیانت، اصول پسندی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ خدمات انجام دیتے رہے۔ ان کی شناخت ایک سنجیدہ، بااصول اور صاحبِ بصیرت قانون دان کے طور پر قائم رہی۔

1994ء کے اوائل میں گھریلو وجوہات کی بنا پر انہوں نے کراچی سے اپنے آبائی گاؤں بڑھنگ میں مستقل سکونت اختیار کی، جہاں وہ تحریر کے وقت (2026ء) تک مقیم ہیں۔ موضع برہنگ کی روپل فیملی میں وہ پہلے وکیل ہونے کا اعزاز رکھتے ہیں، جو نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے علاقے کے لیے باعثِ فخر ہے۔

قانونی خدمات کے ساتھ ساتھ راجہ محمد افتخار علی خان نے سماجی بہبود، سیاسی شعور اور ثقافتی فروغ کے میدان میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کراچی اور دیگر علاقوں میں متعدد فلاحی، سماجی اور تنظیمی اداروں کی بنیاد رکھی اور مختلف عہدوں پر رہتے ہوئے عوامی خدمت، کشمیری عوام کی نمائندگی، آئینی شعور اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے عملی خدمات انجام دیں۔ ان کی یہ کاوشیں طویل عرصے تک ملکی، قومی اور عوامی فلاح و بہبود سے جڑی رہیں۔

راجہ محمد افتخار علی خان کا ادبی ذوق نہایت بلند، شائستہ اور ہمہ گیر ہے۔ انہیں اردو، فارسی اور انگریزی ادب سے خصوصی شغف ہے۔ کراچی بار ایسوسی ایشن کے مختلف قومی، آئینی اور سیاسی مواقع پر ان کی انگریزی زبان میں کی گئی تقاریر کو اہلِ علم، وکلاء اور دانشور حلقوں میں غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی۔ ذوالفقار علی بھٹو کے دورِ حکومت میں 1973ء کے آئینِ پاکستان کی چوتھی ترمیم کے موضوع پر ان کا انگریزی زبان میں تحریر کردہ تحقیقی مضمون قانونی حلقوں میں خاص طور پر سراہا گیا، جو ان کی فکری گہرائی اور تحقیقی بصیرت کا مظہر ہے۔

اللہ تعالیٰ نے انہیں تحریر و تالیف کی غیر معمولی صلاحیت عطا فرمائی ہے۔ ان کی تصانیف، جن میں خاندانِ چِب راجپوت، پٹھانوں کی تاریخ، راجپوت: ان کی اصل، اقسام اور ذیلی اقسام کا آئینہ، افغان اور افغانستان: تاریخ کے آئینے میں، سرزمینِ برہنگ: ماضی و حال کا تاریخی جائزہ اور راجہ شاداب خان المعروف حضرت بابا شادی شہید — عظیم حکمران، عظیم تر ولی شامل ہیں، علمی و تحقیقی حلقوں میں ایک مستند اور قابلِ قدر سرمایہ سمجھی جاتی ہیں۔ خصوصاً حضرت بابا شادی شہیدؒ پر تصنیف کردہ کتاب 2005ء تک چار صدیوں کے وقفے کے بعد پہلی مستند سوانحِ حیات ہے، جو حضرت بابا شادی شہید اکیڈمی کے زیرِ اہتمام شائع ہوئی۔

راجہ محمد افتخار علی خان کی انہی ہمہ جہت علمی، سماجی، قانونی اور ادبی خدمات کے اعتراف میں چِب راجپوت کونسل پاکستان نے انہیں باضابطہ طور پر اعزازی خطاب “بابا ئے چِب سے نوازا۔ یہ اعزاز نہ صرف ان کی شخصیت اور خدمات کا اعتراف ہے بلکہ چِب راجپوت قوم کی تاریخ، شناخت اور فکری وراثت کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کا روشن اظہار بھی ہے۔ چِب راجپوت کونسل پاکستان، بابا چِب کو ان کی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور دعاگو ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی علمی و فکری کاوشوں کو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنائے۔

آمین ثمہ آمین

دعاگو۔

راجہ یونس یعقوب خاں

مرکزی چئیرمین

چب راجپوت کونسل پاکستان

Post Comment